لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابات سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے جس کی ایک خاتون رکن اسمبلی عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ زعیم قادری کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے باعث انہوں نے ازخود قرنطینہ اختیار کر لیا ہے۔
عظمیٰ زعیم قادری کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز بخار ہونے پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا ہے جبکہ طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث عظمیٰ زعیم قادری کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے دوران حمزہ شہباز کو ووٹ دینا ممکن نہیں ہو سکے گا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر الزامات عائد کئے جا رہے ہیں کہ پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کی عظمیٰ زعیم قادری کا ووٹ 15 کروڑ روپے میں خریدا ہے اور آئندہ الیکشن میں زعیم قادری کو ٹکٹ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔