لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا نام لیکر پی ٹی آئی سستی شہرت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ۔
رہنما پیپلزپارٹی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی بتائے کہ جلیل شرقپوری اور فیصل نیازی کی خرید و فروخت کس نے کی ؟ عمران نیازی نے تو حاجیوں کو بھی نہ بخشا اور حج پر گئے ہوئے الیاس چنیوٹی کو دس کروڑ کی آفر کرادی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو زرداری فوبیا ہوگیا ہے ، پی ٹی آئی کے سیاسی بونے گھٹیا الزامات سے باز رہیں ۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پاکستان کو اٹھارویں ترمیم ، این ایف سی ایوارڈ اور سیاسی استحکام بخشا ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سافٹ ٹارگٹ اس لیے ہے کہ وہ مفاہمت کی سیاست کرتا ہے اور مُسکرا کر ملتا ہے ۔ پاکستان کے تمام سیاسی خانوادے آصف زرداری کی بات مانتے ہیں جبکہ عمران نیازی دوغلی سیاست کرتا ہے ۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سب سے پہلے سیاسی لوٹے پیپلزپارٹی کیخلاف ہی ایجاد کیے گئے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے کبھی لوٹا کریسی کی سیاست نہیں کی ۔ آصف زرداری کا طرزِ سیاست مفاہمت جبکہ عمران نیازی کی سیاست منافقت پر مبنی ہے ۔