ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں بارش کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ، دوروز میں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ہلاکتیں 42 تک جاپہنچیں ،
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں گزشتہ دو روز میں 250 ملی میٹر بارش سے نیا ریکارڈ قائم ہوگیا جبکہ بارش کے دوران مختلف واقعات میں مرنے والوں کی تعداد 42 ہوگئی اور100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔
ریکارڈ بارشوں کے بعد شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کئی کلومیٹر تک پٹڑیاں زیر آب آنے کے باعث ٹرین سروس معطل ہوگئی ہیں جب کی دیگر ذرائع آمد و رفت بھی دستیاب نہیں۔ شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔
کسی ممکنہ حادثے کے پیش نظر میونسپل اداروں اور فائر بریگیڈ کو الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سڑکوں پر جگہ جگہ درخت اور بل بورڈز گرے ہوئے ہیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشن گوئی کے بعد مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں کرنٹ لگنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں۔
بھارت کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی ہے تاہم سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ممبئی میں ہوا ہے۔