افغان سفیر کی بیٹی کے فون تک رسائی دی جائے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

01:04 PM, 21 Jul, 2021

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مطابق مقدمہ درج ہوا، تفتیش ہوئی۔ اب ہمیں ان کا موبائل فون درکار ہے، اس تک رسائی دی جائے تاکہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ تحقیقات افغان حکومت کے ساتھ شیئر کریں گے

ملتان میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مسلمان یہ یہ عید غیر معمولی حالات میں منا رہے ہیں۔ 60 ہزار لوگوں نے حج کی سعادت حاصل کی۔ یہ دوسرا سال ہے امہ حج کی مکمل سعادت حاصل نہ کر سکی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں افغان سفیر اور ان کی بیٹی کا تعاون درکار ہے۔ افغان سفیر کی بیٹی کے فون تک رسائی دی جائے۔ ہم چاہتے ہیں افغان سفیر کی بیٹی کا کیس منطقی انجام تک پہنچے۔ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کے مخالفین اس کیس پر پراپیگنڈا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو چاہتے ہیں چین اور پاکستان کے تعلقات خراب ہوں وہ ناکام ہوں گے۔ چین اور پاکستان نے مل کر ان عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ سی پیک پر کام رکنے کی افواہیں پاکستان کےدشمن پھیلا رہے ہیں۔ افواہیں پاکستان دشمن عناصر پھیلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داسو واقعہ پر بہت دکھ ہے۔ داسو واقعے کی تحقیقات کر کے معاملے کی طے تک پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان اور چین نے مل کر ان عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ کل چین کے دورے پر روانہ ہو رہا ہوں۔ اگلے 2 روز چین کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اشرف غنی کے کہنے پر افغانستان سے متعلق کانفرنس ملتوی کی۔ تاشقند میں سخت جملوں کے باجود وزیراعظم عمران خان نے اشرف غنی سے ملاقات کی۔ افغانستان میں امن واستحکام ہماری خواہش ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت امن واستحکام کے عالمی ایجنڈے کو آگے نہیں بڑھا رہا اور ریاستی دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔ بار بار کہتے آ رہے ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔

مزیدخبریں