بیجنگ: وسطی چین کے وسطی صوبے ہینان میں موسلا دھار بارش سے ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوچکے ہیں، نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جبکہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی سیلاب کنٹرول اور خشک سالی سے متعلق امدادی ہیڈ کوارٹرز نے بتایا ہے کہ وسطی چین کے صوبہ ہینان میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے 144،660 سے زیادہ باشندے متاثر ہوئے جن میں سے 10،152 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پیر اور منگل کو صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد مجموعی طور پر 16 بڑے اور درمیانے درجے کے آبی ذخائر میں پانی کی سطح کوانتباہ کی سطح سے اوپر دیکھا گیا ہے۔ پنگ ڈنگ شان سٹی کی لوشن کاؤنٹی میں سب سے زیادہ 400.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ متعلقہ اداروں نے شدید بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ان مسلسل تیز بارشوں کے باعث 9،222 ہیکٹر رقبہ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جس سے ملک کو معاشی طور پر تقریبا 11.3 ملین امریکی ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
صوبائی محکمہ موسمیات بیورو کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے وسطی، مغربی اور شمالی علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔