لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازیخان حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے 2 کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے معائنہ ٹیم کو انکوائری کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے مالی امداد کے چیک آج جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنرز کو چیک آج تقسیم کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور زخمی افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ عید پر جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ میں جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کا غم کوئی اور نہیں جانتا۔ ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ جن کی غفلت سے 30 سے زائد معصوم مسافروں کی جانیں گئیں، ان کیخلاف کارروائی ہوگی۔