سپیکر، ڈپٹی سپیکر، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ سمیت دیگر کی عید الاضحیٰ پر مبارکباد

Congratulations to the Speaker, Deputy Speaker, Governor Punjab, Chief Minister and others on Eid-ul-Adha
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات سمیت دیگر رہنمائوں نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر تمام پاکستانیوں اور مسلمانوں کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مسلم اُمہ خصوصاً پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے۔ سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید الاضحیٰ ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ کے حکم پر اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی پیش کی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا عید الاضحی ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے اور اس موقع پر ہمیں نادار اور ضرورت مند افراد کی ضرورتوں کا خیال رکھنا چاہئے اور دل کھول اُن کی مدد کرنی چاہئےاور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے تہوار سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ملک و قوم کو ضرورت پڑنے پر ہمیں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمیں اسلاف کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہوا ہے۔ ہمیں اپنے آپس کے فروحی اختلافات کو بھلا کر اس کی تعمیر و ترقی کے لئےمل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ تجدید عہد وفا کا دن ہے اس موقع پر ہمیں بطور قوم یہ عہد کرناہے کہ ملک و قوم پر جب بھی کوئی مشکل وقت درپیش آئے ہمیں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔

سپیکر نے عید کے موقع پرکورونا وبا کے پیش نظر قوم پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ اس وقت ملک کو کورونا کے انتہائی مہلک قسم ڈیلٹا کا سامنا ہے جو انتہائی تیزی سے پھیلنے والا وائرس ہے۔ اس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ہمیں ایک دوسرے سے میل جول میں احتیاط کرنے اور وزات صحت کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی خاطر دی جانے والی کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس خوشی کے موقع پر اپنے اُن کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہے جو گزشتہ 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے آزادی کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں اور مقبوضہ وادی میں گزشتہ 23 ماہ سے بھارتی فاشسٹ حکومت کی جانب سے لاک ڈؤں جاری ہے اور اُن پر قربانی جیسی مذہبی عبادات کی ادائیگی پر بھی پابندی عائد ہے۔ انہوں نے اقوام عالم سے کشمیر میں جاری لاک ڈائوں کے فوری خاتمے اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ عید الاضحیٰ ہمیں حضرت ابراہیمؑ کی اس عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جب وہ محض اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے اپنے ہردل عزیز بیٹے کی قربانی دینے کے لئے تیار ہو گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عید ہمیں ملک و قوم کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتی ہے ۔انہوں عید کو سادگی سے منانے اور کورونا وائرس وبا کے پیش نظر احتیاطی تدبیروں پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سنت ابراہیمی ہمیں اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کر دینے کا جذبہ عطا کرتی ہے، آج امت مسلمہ کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جن کا عقیدہ یقین،توکل، عمل صالح اور ایمان ابراہیم والا ہو جو اللہ تعالی اور اس کے دین کی سربلندی کی خاطر سب کچھ چھوڑنے اور قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ قربانیوں اور ایثار کا یہی جذبہ ہمیں اس بات کا احساس اور پیغام دیتا ہے کہ ہمیں اپنے وطن عزیز کی حرمت اور عزت کے لیے اپنے اپنے سیاسی اور نظریات اور مقاصد کو مادر وطن کی سلامتی اور بقا کے لیے پس پشت رکھنا ہے اور ایک ایسی فولادی قوم کی حیثیت سے دنیا میں ابھرنا ہے جس کا خواب حضرت اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بلا شبہ پاکستانی ایک بہادر باوقار انتھک محنتی اور بے پناہ صلاحیتوں سے بھر پور قوم ہے جو مشکل سے مشکل چیلنج قبول کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں بحرانوں سے نکل کر ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ان شہدا کی قربانیوں کو بھی نہیں بھولنا جنہوں نے ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا ، آج کے دن ہمیں اس امر کا بھی اعادہ کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کو محفوظ تر بنانے کے لیے اپنے ذاتی فروعی اختلافات کو پس پست ڈال کر اجتماعی سوچ و فکر کا مظاہرہ کریں، آج کا یہ مبارک دن اس بات کا پیغام دیتا ہے کہ معاشرے کے وہ مجبور ،نادار ،مسکین اور غریب افراد جو ہماری توجہ اور مدد کے زیادہ مستحق ہیں ہم آج کے دن انہیں بھی اپنی خوشیوں میں بھرپور طریقے سے شامل کریں۔ گورنر پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالی سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کرنے والے ہر مسلمان کے اس نیک عمل کو اپنی بارگاہ الہی میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پوری قوم اور دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کوعیدالاضحی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ایسی ڈھیروں خوشیاں عطا کرے، پوری قوم سے اپیل ہے کہ عیدالاضحی کے دوران کوویڈ19 سے بچائو کی ایس او پیز پر سو فیصد عمل کرتے ہوئے اپنے آپ اور خاندان کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں، آج کا دن حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کر تا ہے،حضرت ابراہیم علیہ اسلام نے اپنے لخت جگرکو قربانی کے لیے پیش کیا۔

عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ اسلام کا عمل مسلمانوں کے لیےعبادت قرار دیا،عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ اسلام اور حضرت اسماعیل علیہ اسلام کی تسلیم ورضا کی یادگار ہے، آج کے دن عظیم شخصیات نے اطاعت وایثارکی لازوال مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے پاکستانی قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے، ہمارا خلاقی،قومی اور دینی فریضہ ہے کہ ہم عید پر محروم طبقے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں،خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے،محروم معیشت طبقے کو ا پنی خوشیوں میں شریک کریں او راللہ تعالی کو راضی کریں۔

عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر عید الاضحی سادگی سے منانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں۔عوام سے اپیل ہے کہ وہ عید الاضحی پر سماجی فاصلے برقرار رکھیں او ر ایس او پیز پرعمل کریں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قیام امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں، مظلوم کشمیری بھارتی ظلم وستم میں یہ عید الاضحی منا رہے ہیں۔ مودی سرکار نے کشمیری عوام سے عید کی خوشیاں چھین لی ہیں،پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے او ران کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم باہمی رنجشیں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا،آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے او راتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔