قربانی کا مقصد خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے قربان کرنا ہے، وزیراعظم کا عید الاضحیٰ پر پیغام  

The purpose of the sacrifice is to sacrifice the aspirations for the attainment of higher goals, the message of the Prime Minister on Eid-ul-Adha
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے، حکومت مختلف سکیموں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت اور حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے، آج کے دن ان عظیم شخصیتوں نے اطاعت اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ عمل اﷲ تعالیٰ کو اتنا پسند آیا کہ اسے قیامت تک اْمتِ محمدی کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا جذبہ ہے۔ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اْجاگر کرنے کا جذبہ مہیا کرتا ہے جو اْسے بڑی سے بڑی مشکل صورتحال میں بھی راہ راست سے بھٹکنے نہیں دیتا، یہی وہ جذبہ تھا جس کے تحت پاکستانی قوم نے کورونا وائرس جیسی عالمگیر وبا سے حفاظت بڑی دانشمندی، قومی حکمت عملی اور حوصلہ سے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچار تھا اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اب وہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری معیشت درست سمت پر آ چکی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معاشی اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں، مختلف سکیموں کے ذریعے لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا اور پوری پاکستانی قوم کا سر اقوام عالم کے سامنے فخر سے بلند ہو گا۔