پاکستان کی بغداد کے نواحی شہرصدر میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت  

09:00 AM, 21 Jul, 2021

اسلام آباد: پاکستان عالمی برادری کے ہمراہ 19 جولائی کو بغداد کے نواحی شہر صدر کی ایک پرہجوم مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں 35 قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دہشت گردی کے اس اندوہناک حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اشکال اور اقسام کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی برادر حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہارکرتا ہے۔

خیال رہے کہ داعش نے عراقی دارالحکومت بغداد کی مصروف مارکیٹ میں عید سے ایک دن قبل ہونے والے خود کش دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے مشرقی علاقے الصدر سٹی میں پیر کی رات ہونے والے اس خود کش دھماکے کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے تھے

داعش کی طرف سے اس کے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کئے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ابو حمزہ العراقی نامی ان کے رکن نے الصدر سٹی میں خود کش حملہ کیا۔یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب لوگوں کی بڑی تعداد عید الاضحیٰ کے لئے خریداری میں مصروف تھی۔

رپورٹ کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ متاثرہ جگہ پر انسانی اعضا بکھرگئے ۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 50 بتائی گئی ہے۔

عراق کے صدر برہام صالح نے دھماکے کو گھنائونا فعل قرار دیا ہے اور اس میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق خود کش دھماکے میں مارے جانے والوں میں 8 خواتین اور 7 بچے بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں