لاہور: ملک بھر میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد عید الاضحیٰ یکم اگست کو منائی جائے گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئر مین مفتی منیب الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں عید الاضحیٰ کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد یکم ذی الحج 23 جولائی کو ہو گی جبکہ عید الاضحیٰ یکم اگست بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔
قبل ازیں لاہور اور کوئٹہ میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی تھی جس کے بعد زونل کمیٹیوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کر دیا تھا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کراچی اور گردو نواح میں آج چاند نظر آ جائے گا۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ذوالحج 1441 ہجری کے چاند کی پیدائش ہوچکی، چاند کی پیدائش رات 10 بجکر 33 منٹ پر ہوئی۔ بادل ہونے کی صورت میں رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا