اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ اراکین کو ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملک میں کورونا کے کیسز کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی ہے لیکن ابھی مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ پر کورونا کے حوالے سے ضابطہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ آج ملک بھر میں کورونا کے مزید 305 کیسز اور 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 5 ہزار 639 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد کورونا سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔