نقیب اللہ قتل کیس میں 2 اہم گواہ بیان سے منحرف ہو گئے

04:58 PM, 21 Jul, 2020

کراچی: کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے دو اہم گواہ اپنے بیان سے منحرف ہو گئے۔ سابق ان کاونٹر اسپیشلسٹ راؤ انوار و دیگر کے خلاف منحرف ہونے والے دونوں گواہ پولیس اہلکار ہیں۔

مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی اور اس موقع پر مرکزی ملزم راؤ نوار سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ بیانات سے منحرف ہونے والے پولیس اہلکار شہزادہ جہانگیر اور رانا آصف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کے سابقہ بیان میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ واقعہ ان کے علم میں ہی نہیں ہے۔ ان سے بیان زبردستی لیا گیا تھا۔

مدعی مقدمہ کے وکیل صلاح الدین پنہور ایڈوکیٹ نے کہا کہ گواہان نے سابق ایس ایس پی راؤ انوار کے دباؤ میں آکر بیان تبدیل کیا۔

صلاح الدین پنہور نے کہا کہ گواہوں کے بیانات تبدیل کرانے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرچکے ہیں۔

عدالت نے 28 جولائی تک مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں