مریم نواز ، وزیراعظم کے بغض اور حسد میں پاکستان کا نقصان کر رہی ہے ، فردوس عاشق اعوان

مریم نواز ، وزیراعظم کے بغض اور حسد میں پاکستان کا نقصان کر رہی ہے ، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: Govt Of Pakistan Twitter Account

سیالکوٹ: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نادانیاں ان کا خاندان بھگت چکا ہے، اب وہ وزیراعظم کے بغض اور حسد میں پاکستان کا نقصان کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ، سیالکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاست کی راجکماری نے حقائق کو مسخ کیا انھیں ہوش کے ناخن لینے چاہیں۔

معاون خصوصی نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آرمی چیف کو ساتھ لے کر گئے، ان کی یادداشت جواب دے چکی ہے۔ چند ماہ پہلے کٹھ پتلی شاہد خاقان کیساتھ دورہ سعودی عرب میں جنرل باجوہ ہمراہ تھے۔ نواز شریف کے دورہ سعودی عرب جنرل راحیل شریف ان کے ساتھ گئے تھے جبکہ یوسف رضا گیلانی کے دورہ امریکا میں جنرل اشفاق پرویز کیانی ان کے ساتھ تھے۔

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم کی ذات پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، ان کی شناخت دنیا میں ہیرو کے طور پر مانی جاتی ہے، وہ امریکا میں پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی نابالغ اثاثے بچانے کے لیے جمہوریت کو ڈھال بناتے اور مخصوص مقاصد کے حصول کے لیے مظاہرے کرواتے ہیں۔