اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات کے انعقادپر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن کی یہ جیت نئے پاکستان میں استحکام پاکستان کی جانب اہم پیشرفت ہے.
ملکی تاریخ میں پہلی بار تبدیلی کے عمل نے قبائلی علاقوں کے سنگلاخ پہاڑوں پر جمہوریت کے خوبصورت پودے کی نمو ممکن کی،ایک جانب تاریخ رقم ہو رہی تھی،قبائلیوں کو ان کے صبر اور مصائب کا پھل آئینی و جمہوری حقوق کی صورت مل رہا تھا تو دوسری جانب جمہوریت اور آئینی حقوق کا رونا رونے والے اپنے ذاتی مفادات اور اثاثے بچاؤ بیٹھک لگا کر بیٹھے تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوامی حقوق کے نام نہاد ضامن بننے والوں کی قبائلی عوام نے ضمانتیں ضبط کروا دیں،ان کی میڈیا سے ہونے والی گفتگو دیکھ لیں یا ٹوئٹر اکاؤنٹس صرف عمران خان کی عداوت کا زہر ملے گا۔کل قبائلی اضلاع میں ایک تاریخ رقم ہوئی،مگر ان میں سے کسی کو توفیق نہ ہوئی کہ جمہوری عمل کی کامیاب تکمیل پر دو لفظ ہی بول دیتے۔
ان کی جمہوریت کا مطلب صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کو قوم پر مسلط کرنا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپنی بہادر مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی لازوال قربانیوں سے ملک کا امن لوٹا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قبائلی عوام کی بڑی تعداد نے اپنے ووٹ کا آئینی اور جمہوری حق استعمال کیا جو قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان قبائلی علاقوں میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے نئے منتخب نمائندے علاقے کی ترقی کے عمل میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی بحالی کے لیے مسلح افواج اور سول اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔