سنگا پور کے وزیراعظم سمیت 15 لاکھ افراد کا آن لائن ڈیٹا چوری

04:48 PM, 21 Jul, 2018

سنگا پور:سنگاپور کی حکومت نے کہاہے کہ نامعلوم ہیکروں نے محکمہ صحت کے ایک مرکز پرسائبرحملہ کرکے کم سے کم ڈیڑھ ملین افراد کا ذاتی ڈیٹا چوری کرلیا ہے۔ چوری ہونے والی معلومات میں وزیراعظم لی ہسین لونگ کا ڈیٹا بھی شامل ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق سنگا پورحکام کا کہنا کہ صحت مرکز پرحملہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سائبر حملہ اور ذاتی معلومات کی چوری کا انتہائی خطرناک واقعہ ہے۔

حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے بعد سائبر سکیورٹی ایجنسی’سی ایس اے‘ اور صحت انفارمیشن سسٹم’ آئی، ایچ آئی ایس‘ کی طرف سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ تحقیقاتی اداروں کے مطابق یہ سائبر حملہ ایک دانستہ کارروائی اور موثرانداز میں پوری منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو معلوم ہوا ہے کہ یہ سائبرحملہ کسی جرائم پیشہ مافیا کی کارستانی نہیں-

چوری ہونے والی معلومات میں صحت مرکز میں مئی 2015ءسے آنے والے مریضوں کے بارے میں معلومات شامل ہیں۔ چوری ہونے والے مواد میں شہریوں کا طبی معائنوں کا ڈیٹا اور غیر طبی ڈیٹا بھی شامل ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ بہ ظاہر یہ سائبرحملہ وزیراعظم لی حسین لونگ کا ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش لگتی ہے کیونکہ ہیکر اس سے قبل بھی وزیراعظم اور ملک کی اہم شخصیات کا ذاتی ڈیٹا چوری کرنے کے لیے مختلف سائبر حملے کرتے رہے ہیں۔

مزیدخبریں