مہاجرین کے موضوع پر بداعتمادی کا خاتمہ ضروری ہے، میرکل

12:28 AM, 21 Jul, 2018

ہیمبرگ :جرمن چانسلر انگیلا میرکل نےکہا ہے کہ مہاجرین کی آبادی کاری پر اختلافات کی وجہ سے پیدا ہونے والی بداعتمادی کو ختم کرنا ہو گا۔

چانسلر میرکل نے کہا کہ ان کے حکومتی اتحاد میں شامل باویریا میں کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی سسٹر پارٹی کرسچین سوشل یونین کے درمیان پیدا ہونے والی تلخی کی بنیادی وجہ مہاجرت سے متعلق پالیسیاں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دوبارہ اعتماد جیتنا ضروری ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران  میرکل نے ڈونلڈ ٹرمپ اور پوٹن کے درمیان دوبارہ ملاقات کی خبروں کا بھی خیرمقدم کیا ،  ان کا کہنا تھا کہ روس اور امریکا کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔

گزشتہ ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ توانائی کے شعبے میں روس پر بے انتہا انحصار کی وجہ سے ماسکو کا ’قیدی‘ بن چکا ہے۔

میرکل نے کہا کہ ٹرمپ اور پوٹن کے درمیان ملاقاتیں خوش آئند ہیں اور وہ امید کرتی ہیں کہ دونوں رہنما جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے موضوع پر بھی بات چیت کریں گے۔

چانسلر میرکل سے اس پریس کانفرنس میں جب یہ پوچھا گیا کہ ان کے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تعلقات کیسے ہیں، تو میرکل کا کہنا تھا، ’’ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہماری اقدار اور ہمارا عمومی کام اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مگر بین الاوقیانوسی تعلقات بہ شمول صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنا، ہمارے لیے نہایت ضروری ہیں اور میں پوری کوشش جاری رکھوں گی کہ یہ بہتر اور سودمند رہیں۔

مزیدخبریں