سکھر: ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کے باعث دریا ئے سندھ میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے، محکمہ آبپاشی کے مطابق آئندہ گھنٹوں کے دوران گڈو بیراج کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے جورواں سیلابی سیشن کا پہلا سیلابی ریلا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخواہ اور بالائی پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری رہا تو آئندہ ماہ اگست کے پہلے ہفتے کے دوران درمیانے درجہ کی سیلابی طغیانی کا امکان ہے۔
دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ گڈو کے مقام پرایک لاکھ 98ہزار 406 اور زیریں سطح پر ایک لاکھ 78ہزار 108کیوسک، سکھر بیراج کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 46ہزار890 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 2ہزار کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم پر 65ہزار 628کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم پر 51ہزار738 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق آئندہ دنوں میں پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ کا امکان ہے۔