لاہور :چیمئنز ٹرافی میں مین آف دی ٹورنامنٹ رہنے والے نوجوان پاکستانی فاسٹ باولر حسن علی کے ستارے عروج پر ہیں،تفصیلات کے مطابق حسن علی کا کیربئین ٹی20 لیگ سے بھی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ حسن علی کا کسی بھی لیگ سے یہ پہلا بڑا معاہدہ ہے ۔معاہدے کے بعد حسن علی کے چاہنے والے ، دوست اورگھروالے خوشی سے نہال ہیں ۔ حسن علی سے دنیا بھر کی کئی ٹی ٹوئنٹی لیگز معاہدے کرنے کی خواہش مند ہیں۔ جبکہ بی پی ایل کے بعد اب کیربئین ٹی ٹوئنٹی لیگ سے بھی حسن علی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
حسن علی کیربئین ٹی ٹوئنٹی لیگ میں سینٹ کٹس کی نمائندگی کریں گے۔ حسن علی اور سینٹ کٹس کے درمیان ایک سال کا معاہدہ طے پایا ہے۔ سی پی ایل کے ابتدائی میچ امریکا کی ریاست فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے جس کے لیے حسن علی نے ویزے کی درخواست بھی دے دی ہے۔ واضح رہے کہ کیربین لیگ میں دنیائے کرکٹ کے کئی مایہ ناز کھلاڑی شریک ہوں گے۔ سینٹ کٹس کی ٹیم کی قیادت کرس گیل کررہے ہیں اور اس ٹیم میں پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔