فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے گا :برطانوی پارلیمنٹ

فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے گا :برطانوی پارلیمنٹ

لندن: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو زیر غور لاتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ نے فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا ارادہ ظا ہر کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے برطانوی ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد اقوام متحدہ میں بھیجا جائے گا جو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور دیگر عہدیداران سے مل کر کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے زور دے گا۔اس کے علاوہ برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک کانفرنس بھی بلائی جائے گی ۔
اس کانفرنس میں بھارت اور پاکستان کے نمائندے  بھی شریک ہوں گے ۔اس بات کا فیصلہ برطانوی پارلیمنٹ ہاﺅس آف کامنز میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر و برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اینڈریو گرفتھس کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا گیا۔
اس موقع پر اینڈریو گرفتھس نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے تیار ہیں اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہم ہر فورم پر اس سلسلے میں آواز  اٹھائیں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی برطانوی پارلیمنٹ بھر پورمذمت کرتی ہے۔