پاکستان میں خشک سالی کا خطرہ، محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری جاری

09:43 PM, 21 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان میں خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف میدانی علاقوں میں بارشوں کی کمی کے باعث خشک سالی کا امکان بڑھ گیا ہے۔ یکم ستمبر 2024 سے 15 جنوری 2025 تک پاکستان میں 40 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جن میں سندھ میں 52 فیصد، بلوچستان میں 45 فیصد اور پنجاب میں 42 فیصد کی کمی شامل ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں جیسے اٹک، چکوال، اسلام آباد، راولپنڈی، لیہ، ملتان، راجن پور، بہاولپور اور فیصل آباد میں بھی خشک سالی کے آثار پیدا ہونے لگے ہیں۔

سندھ کے اضلاع کراچی، بدین، جیکب آباد اور بلوچستان کے علاقے لسبیلہ، پنجگور، خیرپور اور دالبیجن میں بھی بارشوں میں کمی کے سبب خشک سالی کا سامنا ہے۔

موسم کے ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں مزید کم بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ان حالات میں پانی کی بچت اور موثر انتظامات ضروری ہیں تاکہ خشک سالی کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور زراعت کے لیے پانی کی کمی پر قابو پایا جا سکے۔

مزیدخبریں