نہریں نکالنے کے حوالے سے کسی نے رضامندی ظاہر نہیں کی ، معاملہ  کمیٹی کے سپرد کیا جائے: شیری رحمان

08:41 PM, 21 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر اور مرکزی رہنما شیری رحمان نے نہریں نکالنے کے معاملے پر غلط بیانی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانے والے منصوبے پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔

سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے شیری رحمان نے واضح کیا کہ پانی کی تقسیم پہلے ہی 1991 کے معاہدے کے مطابق نہیں ہو رہی، اور اس منصوبے کے تحت نئی نہروں کی منظوری کسی صوبے نے نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ نہریں نکالنے کے حوالے سے کسی نے رضامندی ظاہر نہیں کی اور اس معاملے کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا جانا چاہیے تاکہ سچائی سامنے آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس منصوبے میں کوئی معاہدہ یا مجبوری ہے تو پی پی پی کو اس کی معلومات دی جانی چاہیے۔ "ہم سب پاکستانی ہیں اور پاکستان کے مفاد کے خلاف نہیں جائیں گے۔شیری رحمان نے بتایا کہ انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس کے لیے خط لکھا تھا، مگر اب تک اجلاس کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ سی سی آئی کا اجلاس بلایا جائے تاکہ تمام تحفظات دور کیے جا سکیں اور یہ واضح کیا جا سکے کہ کارپوریٹ فارمنگ کے لیے پانی کہاں سے آئے گا۔

مزیدخبریں