اسلام آباد: سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ مل کر چلنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک میں غیر نمائندہ حکومت کو گرانا اور عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت قائم کرنا ایک مشترکہ جدوجہد کا متقاضی ہے۔
اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے مصطفیٰ نواز کھوکھر سے ملاقات کی اور انہیں تحریک میں شمولیت کی دعوت دی۔ پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے اس موقع پر کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے، اور تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پیج پر آنا چاہیے۔
ملاقات کے بعد مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپوزیشن رہنماؤں کی دعوت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ مل کر چلنے کا اعلان کرتا ہوں۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ تحریک کے رہنماؤں کا ان کے گھر آنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، اور اس دوران ملک کو درپیش بحرانوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری بحرانوں کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں، اور گزشتہ سال 1.5 کروڑ سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت، دہشت گردی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔