وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم اقدامات کی منظوری

07:20 PM, 21 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے پاکستان میں کام کرنے والے 86 غیر ملکی پائلٹس کے لائسنس کی توثیق کے لیے دو سال کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، 2025 میں نئے پائلٹس کی شمولیت کے لیے فارن ویلیڈیشن میں تین سال کی توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے توشہ خانہ ایکٹ 2024 پر نظرثانی کے لیے وزیر دفاع کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی تعمیر نو کے عمل کی نگرانی کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مستحق افراد تک پرائم منسٹر ریلیف پیکیج پہنچانے کے لیے ایک نئی حکمت عملی تیار کی جائے۔

کابینہ نے پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے تحت رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری بھی دی، جبکہ نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی کے قواعد کی بھی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ، عمار حبیب کی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ایپلٹ ٹریبونل میں ممبر فنانس کے طور پر تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 6 اور 17 جنوری کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔

مزیدخبریں