پنجاب میں کاروبار کے فروغ کے لیے سب سے بڑی فنانس سکیم کا آغاز

پنجاب میں کاروبار کے فروغ کے لیے سب سے بڑی فنانس سکیم کا آغاز

لاہور:  پنجاب میں کاروبار کو بڑھانے کے لیے ’’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار سکیم‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو اپنی نوعیت کی سب سے بڑی فنانس سکیم ہے۔ اس سکیم کے تحت 84 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ ’’آسان کاروبار کارڈ سکیم‘‘ کے لیے 48 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

’’آسان کاروبار فنانس سکیم‘‘ کے تحت 36 ارب روپے سے زائد کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔ یہ قرض 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک دیا جائے گا، اور اسے پانچ سال کی مدت میں آسان اقساط کے ذریعے واپس کیا جائے گا۔ اس سکیم کے تحت 25 سے 55 سال کے پنجاب کے رہائشی مرد و خواتین، ٹرانسجینڈرز اور خصوصی افراد درخواست دے سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ ایکٹیو فائلر ہوں اور کسی مالیاتی ادارے کے ڈیفالٹر نہ ہوں۔

’’آسان کاروبار کارڈ سکیم‘‘ میں چھوٹے کاروباروں اور سٹارٹ اپس کو 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جائیں گے، جو تین سال میں آسان اقساط میں واپس کیے جا سکیں گے۔ اس سکیم کے تحت کاروباری افراد کو خام مال کی خریداری پر وینڈر کو ادائیگی کی سہولت حاصل ہو گی، اور وہ سرکاری فیس، ٹیکسز، اور یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی بھی کر سکیں گے۔ اس کارڈ کے ذریعے 25 فیصد تک کیش نکالنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس سکیم کو نوجوانوں کے لیے خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا ایک اہم قدم قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ سکیم معیشت میں بہتری اور برآمدات کے اضافے کا باعث بنے گی۔ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معیشت کے ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اس سکیم کی معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹال فری نمبر 1786 بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ عوام کو مزید رہنمائی فراہم کی جا سکے

مصنف کے بارے میں