لندن:رواں ماہ سے نظام شمسی کے 6 سیارے ایک قطار میں دکھائی دیں گے، جو فلکیات کے شائقین کے لیے ایک نایاب موقع ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق، مریخ، زہرہ، زحل، مشتری، یورینس اور نیپچون آج سے ایک قطار میں نظر آئیں گے، اور 28 فروری تک ان میں عطارد بھی شامل ہو جائے گا۔
ان میں سے مریخ، زہرہ، زحل اور مشتری کو براہ راست آنکھ سے دیکھا جا سکے گا، جبکہ دیگر سیاروں کو دوربین کے ذریعے مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ سیاروں کا اس طرح ایک قطار میں آنا "سیاروں کی پریڈ" کہلاتا ہے۔
برطانیہ کی ففتھ سٹار لیبز کی سائنس کمیونیکیٹر اور ماہر فلکیات جینیفر میلارڈ نے کہا کہ سیاروں کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا ایک منفرد تجربہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ آپ ان سیاروں کے مناظر گوگل پر دیکھ سکتے ہیں، مگر جب آپ انہیں اپنی آنکھوں سے براہ راست دیکھتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ روشنی کے ذرات (فوٹانز) خلا سے لاکھوں یا اربوں میل کا سفر کر کے آپ تک پہنچتے ہیں۔
یہ نایاب فلکی منظر فروری کے آخر میں 7 سیاروں کی پریڈ کے آغاز کے ساتھ مزید دلچسپ ہو جائے گا، جس کا فلکیات کے شائقین شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔