مرد عقل و شعور میں عورت سے برتر ہیں:سعدیہ امام

04:21 PM, 21 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی:سینیئر اداکارہ اور ٹی وی میزبان سعدیہ امام نے کہا ہے کہ خدا نے مرد کو عقل و شعور کے لحاظ سے عورت سے بلند رکھا ہے، اور انہوں نے اس بات کا ذاتی تجربہ بھی کیا ہے۔

سعدیہ امام اپنے شوہر کے ساتھ حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ شو کے دوران، انہوں نے خاندان کو آگے بڑھانے اور مسائل کے حل میں مرد اور خواتین کے کردار پر بھی گفتگو کی۔

سعدیہ امام کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنا تھا اور پھر تجربہ کیا کہ مرد ذہانت اور شعور میں عورت سے بلند ہیں، جبکہ خدا نے عورت کو جذباتی طور پر برتر بنایا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ عورت میں عقل کی کمی ہوتی ہے، بلکہ عورت زیادہ جذباتی ہوتی ہے، جو کہ اس کے فیصلوں میں اثر انداز ہوتا ہے۔

اداکارہ نے اپنی ذاتی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر گھر کے معاملات اور خاندانی مسائل میں جذباتی ہو جاتی ہیں، جبکہ ان کے شوہر اس معاملے میں زیادہ متوازن ہوتے ہیں۔ ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے سعدیہ امام نے بتایا کہ جب ان کے شوہر نے پرانے گھر کو بیچ کر نیا گھر خریدنے کی تجویز دی، تو وہ ابتدا میں جذباتی ہو گئیں اور اس فیصلے کو سمجھ نہ پائیں، حالانکہ ان کے شوہر کا مقصد انہیں خوشی دینا تھا۔

سعدیہ امام نے کہا کہ بیویوں کو اپنے شوہروں کے فیصلوں کے خلاف نہیں جانا چاہیے اور جذبات سے کام نہیں لینا چاہیے، کیونکہ مرد کے فیصلے بہتر ہوتے ہیں اور ان میں عقل کی اہمیت ہوتی ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ رشتہ داریوں میں فیصلوں کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے، اور جذبات کو ایک طرف رکھ کر عقل کی بات ماننی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ مردوں میں جذبات کو سائیڈ لائن کر کے عقل کی اہمیت ہوتی ہے، اور اب وہ سمجھ چکی ہیں کہ مرد عقل میں خواتین سے برتر ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں