کثیر الملکی فضائی مشقوں میں شرکت کے لیے پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے سعودی عرب پہنچ گئے

04:08 PM, 21 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

ریاض :پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر تھری لڑاکا طیارے سعودی عرب میں ہونے والی کثیر الملکی فضائی مشق "سپیئرز آف وکٹری 2025" میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ یہ طیارے سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر اترے، جہاں مشقوں کا آغاز ہوگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پاکستان کا دستہ جے ایف 17 طیاروں، پائلٹس اور زمینی عملے پر مشتمل ہے۔ جے ایف 17 بلاک تھری طیاروں نے اس مشق میں اپنی طویل پرواز کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور سعودی ایئر بیس تک بغیر کسی توقف کے پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس دوران طیاروں میں ایندھن بھرنے کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔

پاک فضائیہ کے پائلٹس اس مشق کے دوران جدید جنگی طیاروں کے ساتھ اپنی تربیت کو مزید بہتر بنائیں گے۔ اس مشق میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، بحرین، فرانس، یونان، قطر، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا کے لڑاکا طیارے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ مشق دفاعی چیلنجز سے نمٹنے اور عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ رائل سعودی ایئر فورس کے زیرِ اہتمام ہونے والی اس مشق کا پانچواں دور دفاعی اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں