مظفرآباد : آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد کے بلند پہاڑی علاقے جیسے کہ کوہ مکڑا، پیر چناسی، سراں، پنجکوٹ اور بھیڑی میں برفباری ہو رہی ہے، جبکہ سدبن اور پیر ہسی مار کے پہاڑوں پر بھی برف کی تہہ جمی ہوئی ہے۔
دارالحکومت مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے، جبکہ وادی لیپا اور وادی نیلم میں بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے۔ زیریں علاقوں میں بارش جبکہ بلند علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے۔اس کے علاوہ باغ کے بلند پہاڑی علاقے گنگا چوٹی اور سدھن گلی میں برفباری کی وجہ سے سڑکیں بند ہو گئی ہیں، اور ٹرانسپورٹرز کو برفباری کے دوران بالائی علاقوں میں سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔