انسٹاگرام کی نئی ایپ "ایڈٹس" ویڈیو ایڈیٹنگ کے لیے متعارف

انسٹاگرام کی نئی ایپ

کیلیفورنیا : انسٹاگرام نے ویڈیو ایڈیٹنگ کے لیے ایک نئی ایپ "ایڈٹس" متعارف کرائی ہے، جو صارفین کو ویڈیوز بنانے اور ایڈٹ کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔ انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے تھریڈز پر اس ایپ کا تعارف کروایا، جس کے مطابق ایڈٹس مفت ایڈیٹنگ ٹولز کی ایک مکمل سیریز فراہم کرے گی۔

ایڈٹس ایپ میں ایک ٹیب انسپائریشن کے لیے مختص ہے جبکہ دوسرا ٹیب ابتدائی خیالات کو ٹریک کرنے کے لیے ہوگا۔ ایڈم موسیری نے بتایا کہ ایپ میں ایک معیاری کیمرا ہوگا جو اچھی ویڈیوز ریکارڈ کرنے کے قابل ہوگا، اور صارفین کو تمام ایڈیٹنگ ٹولز فراہم کیے جائیں گے۔ یہ ایپ فروری میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگی، اور فی الحال آئی او ایس ایپ اسٹور پر پری آرڈر کے لیے موجود ہے۔ جلد ہی اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی ایپ کی دستیابی متوقع ہے۔

ایڈم موسیری کے مطابق، ایپ کا پہلا ورژن نامکمل ہوگا اور صارفین کو اسے استعمال کرنے کے دوران صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ایپ میں صارفین 10 منٹ تک ویڈیو ریکارڈ کر سکیں گے جس کے بعد مختلف ٹولز، فلٹرز اور ایفیکٹس کے ذریعے ویڈیوز کو ایڈٹ کیا جا سکے گا۔ اس میں بیک گراؤنڈ نوائز ہٹانے کے لیے آڈیو فیچر اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز بھی شامل ہوں گے۔

ایڈم موسیری نے ٹک ٹاک کا براہ راست ذکر نہیں کیا لیکن ایپ کے تعارف کے دوران دھیما انداز میں اس پر بات کی اور کہا کہ "دنیا میں بہت کچھ ہو رہا ہے"، اور یہ ایپ صرف انسٹاگرام ویڈیوز کے لیے نہیں بلکہ دیگر پلیٹ فارمز کے لیے بھی مفید ہوگی۔

مصنف کے بارے میں