لاس اینجلس : امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں 7 جنوری سے لگنے والی آگ تاحال مکمل طور پر قابو میں نہیں آ سکی۔ امریکی میڈیا کے مطابق، مختلف مقامات پر لگی اس آگ کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 40 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ جل کر راکھ ہو چکا ہے۔
حکام کے مطابق، حالیہ دنوں میں آگ کو بڑی حد تک محدود کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی تھی، تاہم جنوبی کیلیفورنیا میں تیز ہواؤں کے ایک اور طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ موسمیاتی ادارے کے مطابق، منگل سے جمعرات تک تیز ہواؤں اور انتہائی کم نمی کے باعث آگ کے بھڑکنے کا خطرہ برقرار رہے گا، جس دوران کئی علاقوں میں نمی کی سطح 2 سے 5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
جنوبی کیلیفورنیا کے بیشتر علاقے شدید خشک سالی کا شکار ہیں اور اس ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ لاس اینجلس کے متعدد علاقوں میں جہاں پہلے انخلا کے احکامات جاری کیے گئے تھے، وہاں اب مکینوں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم کئی افراد ابھی تک اپنے گھروں کو واپس جانے کے منتظر ہیں۔