اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر سنگین الزامات ہیں، انہیں سزا ہو چکی ہے اورکوئی بھی ملک سنگین جرائم میں ملوث کسی شخص تک میڈیا کو رسائی فراہم نہیں کرتا۔
سرکاری خبررساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت سے امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، ریاستی میڈیا پر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج دی جا رہی ہے، نگران حکومت آئین کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’’ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، انتخابات 8 فروری 2024کو ہوں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایت ہر ایک کو ہے، پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان کی جماعت کو بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں، پیپلز پارٹی کو پنجاب میں، مسلم لیگ (ن) کو سندھ میں لیول پلیئنگ فیلڈ کی شکایات ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان سے پوچھیں تو وہ کہیں گے سیکورٹی مسائل کی وجہ سے ہمیں بلوچستان اور کے پی کے میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کا مکمل انحصار افغانستان کی عبوری حکومت کے طرز عمل اور اقدامات پر ہے، اگر افغانستان کی عبوری حکومت ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو پناہ دیتی ہے تو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا مستقبل ٹھیک نہیں لگتا۔ دہشت گرد جب تک ہتھیار نہیں ڈال لیتا اور پاکستان کے آئین کو تسلیم نہیں کرلیتا، سے بات چیت نہیں ہو سکتی۔