ممبئی : کرکٹر شعیب ملک کی سابق اہلیہ ثانیہ مرزا کا شعیب ملک اور ثناء جاوید کی شادی پر رد عمل آگیا ہے۔ انہوں نے اپنی اور شعیب کی علیحدگی کی تصدیق کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مابق ہندوستانی ٹینس لیجنڈ ثانیہ مرزا نے اتوار کو باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ان کی اور پاکستان کے تجربہ کار کرکٹ اسٹار شعیب ملک کی چند ماہ قبل طلاق ہوگئی تھی ۔ ثانیہ اور ان کی ٹیم کی جانب سے یہ بیان شعیب ملک کی مقبول پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کے ایک دن بعد جاری کیا گیا، جس میں "پرائیویسی" کی درخواست کی گئی اور سوشل میڈیا پر مداحوں سے قیاس آرائیوں سے دور رہنے کا مطالبہ کیا۔
ان کی ٹیم کی طرف سے جاری بیان میں لکھا گیا ہے کہ "ثانیہ نے اپنی ذاتی زندگی کو ہمیشہ عوام کی نظروں سے دور رکھا ہے تاہم آج ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ یہ بات بتادیں کہ شعیب اور ان کی طلاق کو چند ماہ ہوئے ہیں۔ وہ شعیب ملک کو ان کے نئے سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں! ان کی زندگی کے اس حساس دور میں، ہم تمام مداحوں اور خیر خواہوں سے درخواست کرنا چاہیں گے کہ وہ کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور ان کی رازداری کا احترام کریں