اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ بے ہودہ اور اشتعال انگیز اسلامو فوبک ایکٹ دنیا بھر کے 1.5 ارب مسلمانوں کی مذہبی حساسیت کو ٹھیس پہنچاتا ہے ۔ ایسی کارروائیاں آزادی اظہار رائے کے کسی بھی جائز اظہار کے تحت نہیں آتیں ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں ۔ ان اصولوں کی سب کو حمایت کرنی چاہیے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو اسلامو فوبیا ، زینو فوبیا ، عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے کی ضرورت ہے ۔ عالمی برادری بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تحفظات سویڈن کے حکام تک پہنچائے جا رہے ہیں ۔ ہم سویڈن پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھے ۔ سویڈن پر زور دیتے ہیں کہ اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کرے ۔