اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف دس ارب روپے کے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی ۔ عمران خان سے ویڈیو لنک پر جرح ہوئی ، عمران خان نے بتایا کہ انھیں فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے شوکت خانم بورڈ کی جانب سے بتایا گیا تھا لیکن اس وقت یاد نہیں ہاؤسنگ پروجیکٹ کا نام کیا تھا۔
وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ کو بورڈ کی طرف سے اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا ؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ اس وقت یاد نہیں کہ تحریری طور پر کیا تھا یا نہیں ، جو تین ملین ڈالرز تھے وہ بورڈ ممبر کی جانب سے واپس جمع کرا دیئے گئے تھے تو معاملہ ختم ہوگیا ۔
وکیل خواجہ آصف نے کہا کہ معاملہ ختم نہیں بلکہ معاملہ تو وہیں سے شروع ہوتا ہے، جب 3 ملین کی سرمایہ کاری کی گئی اس وقت ڈالر کا ریٹ 60 روپے تھا ، جب واپس آئے تو 120 روپے تھا ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی ۔