ہرجانہ کیس : خواجہ آصف کے وکیل کی عمران خان پر جرح، شوکت خانم کے فنڈز ہاؤسنگ منصوبے میں لگانے کا اعتراف 

ہرجانہ کیس : خواجہ آصف کے وکیل کی عمران خان پر جرح، شوکت خانم کے فنڈز ہاؤسنگ منصوبے میں لگانے کا اعتراف 
سورس: File

اسلام آباد (محمد اویس) عمران خان سے خواجہ آصف ہرجانہ کیس میں ویڈیو لنک  کے ذریعے جرح کی گئی ۔جرح کے دوران خواجہ آصف کے وکیل بیرسٹر حیدر رسول نے عمران خان سے شوکت خانم کی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کیے۔عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا۔

  

عمران خان نے وکیل کے سوالات کے جواب میں بتایا کہ شوکت خانم کے بورڈ کی جانب سے مجھے اس حوالے سے بتایا گیا تھا ۔اس وقت یاد نہیں کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا نام کیا تھا ۔کیا آپ کو بورڈ کی طرف سے اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا؟ اس وقت یاد نہیں کہ تحریری طور پر کیا تھا یا نہیں۔ 

عمران خان نے بتایا کہ جو 3 ملین ڈالرز تھے وہ بورڈ ممبر کی جانب سے واپس جمع کرا دیئے گئے تھے تو معاملہ ختم ہوگیا۔وکیل نے جواب دیا کہ معاملہ ختم نہیں، معاملہ تو وہیں سے شروع ہوتا ہے۔ جب 3 ملین کی سرمایہ کاری کی گئی اس وقت ڈالر کا ریٹ 60 روپے تھا، جب واپس آئے تو 120 روپے تھا ۔ 

عمران خان کے وکیل کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی ۔وکیل خواجہ آصف نے کہا کہ  سماعت ملتوی کر دیتے ہیں آپ آئندہ سماعت پر صرف 2 گھنٹے دے دیں میں جرح مکمل کرلوں گا ۔ عمران خان نے وکیل سے کہا کہ  آپ ادھر ادھر کے سوال کرنے کے بجائے سچ پر آئیں تو معاملہ جلدی ختم ہو سکتا ہے ۔کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی ۔

مصنف کے بارے میں