تحریک انصاف کا 98 سے 99 فیصد ووٹ بینک وزیراعظم عمران خان کا ہے:اسد عمر 

11:28 PM, 21 Jan, 2022

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں قیادت کے لئے کوئی دھڑے بندی نہیں ہے، ملک کے عوام وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں، کورونا کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، عالمی افراط زر بڑھنے سے تمام ممالک متاثر ہوئے ہیں، پابندیوں کا فیصلہ کورونا کی موجودہ صورتحال کو دیکھ کر کیا گیا ہے، امید ہے کہ پی ایس ایل کے میچز ہو سکیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی میں قیادت کے لئے کوئی دھڑے بندی نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کا متبادل کوئی نہیں ہے، تحریک انصاف کا 98 سے 99 فیصد ووٹ بینک وزیراعظم عمران خان کا ہے، جب کسی بھی جماعت میں اتنا ووٹ کسی شخص کا ہوگا تو وہ ہی اس پارٹی کا لیڈر ہوگا اور اس کا کوئی متبادل نہیں ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی لیڈر شپ کے لئے ایک رسہ کشی چل رہی ہے، ایک جانب مریم نواز اور دوسری جانب شہباز شریف ہیں،انہوں نے کہا کہ جب بھی بجٹ یا کوئی اہم موقع آتا ہے تو اپوزیشن کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ حکومت کے اتحادی اب حکومت کے ساتھ نہیں ہیں لیکن اتحادی جماعتیں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، ملک کے عوام وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اس لئے اپوزیشن کچھ نہیں کر پا رہی۔

مزیدخبریں