اسلام آباد:این سی او سی کی طرف سے ایسے تمام تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں کرونا کی شرح زیادہ ہے ،صوبائی تعلیم اور صحت کے محکمے تعلیمی ادارے بند کرنے کے لیے کیسز کی شرح کا تعین کریں گے۔
این سی او سی کےمطابق آئندہ دو ہفتوں تک تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ ہوگی ،باالخصوص ان شہروں میں جن میں کیسز کی شرح زیادہ ہے ،ایسے تعلیمی ادارے جن میں کورونا کیسز کی شرح زیادہ ہونگے وہاں ایک ہفتے کیلئے تعلیمی ادارے بند کردئے جائیں گے ۔
اس حوالے سے حتمی فیصلہ صوبائی انتظامیہ ضلعی صحت اور تعلیمی حکام کے مشاورت سے کرے گی،12 سال سے زائد عمر کے طلبا کی سو فیصد ویکسینیشن بھی یقینی بنائی جائے گی ۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران اسلام آباد کے 35 تعلیمی اداروں میں کورونا کے ایک سو سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ،ایک روز میں وفاقی دارالحکومت کے 12 تعلیمی اداروں میں مزید 50 کورونا کیسز سامنے آگئے ،محکمہ صحت نے مذکورہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔
کورونا تعلیمی اداروں کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لینے لگا ،ڈی ایچ او کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے 12 تعلیمی اداروں میں 50 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ،او پی ایف گرلز کالج ایف ایٹ ٹو میں کورونا کے 18 ،اسلام اباد ماڈل کالج فار گرلز آئی ٹن فور میں کورونا کے 9 کیسز سامنے آگئے ۔
کورونا مثبت کیسز والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کرنے کے لیے ڈی ایچ او کی جانب سے انتظامیہ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا جس میں کورونا کیس رپورٹ ہونے والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ متعلقہ تعلیمی اداروں کو آئندہ احکامات تک بند رکھا جائے گا ۔