اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں بیشتر لوگوں کو انگریزی نہیں آتی اور ان کے سامنے انگریزی زبان ان کی توہین کے برابر ہے۔ اس لئے ہمیں اپنے لوگوں کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے ریسٹورنٹ کے مالکان کی جانب سے منیجر کی انگریزی کا مذاق اڑانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اپنے منیجر کی انگریزی کا مذاق اڑانے پر ریسٹورنٹ کی خواتین مالکان تنقید کی زد میں ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خواتین مالکان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ خواتین اپنا اور پھر اپنے منیجر کا تعارف کرواتی ہیں اور پھر ان میں سے ایک منیجر سے سوالات پوچھتی ہے اور پھر انگریزی میں بات کرنے کا کہتی ہے اور پھر منیجر کی ٹوٹی پھوٹی انگریزی پر خاتون کہتی ہیں کہ یہ ہمارے منیجر ہیں جو ہمارے پاس نو سال سے ہیں اور یہ وہ بہترین انگریزی ہے جو یہ بولتے ہیں۔
اس ویڈیو کے بارے میں سوشل میڈیا صارفین نے ریسٹورنٹ کے مالکان کے رویے کو تکبر کہا ہے تو کسی نے پاکستانی اشرافیہ کی امارت پرستی، کچھ نے بُری تربیت اور حاکمانہ سوچ کی عکاسی قرار دیا۔