اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھارت اور اسرائیل کے جن دو افراد سے پی ٹی آئی پر فنڈنگ کا الزام لگایا وہ دونوں پاکستانی نکلے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف نے فنڈ دینے والے چالیس ہزار افراد کا ڈیٹا دیا اور اب کیا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک ہزار افراد کا بھی ڈیٹا دے سکتے ہیں۔ این آر او لیگ روزانہ سرکس لگانے آ جاتی ہے اور انہوں نے الیکشن کمیشن کے سامنے تماشہ لگایا لیکن حکومت این آر او نہیں دے گی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے براڈ شیٹ معاملے پر جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا۔ شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ براڈ شیٹ معاملہ پر انکوائری کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر) عظمت سعید شیخ ہونگے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید کو براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔ کمیٹی کے باقی ممبران کا تقرر جسٹس عظمت سعید کی مشاورت سے کیا جائیگا۔
واضح رہے منگل کو وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ کے معاملے پر ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی تھی۔ کمیٹی 45 روز میں تحقیقات مکمل کرے گی۔
اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وفاقی وزیر فواد چوہدری اور شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ نے براڈ شیٹ کے معاملے پر انکوائری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کا ریٹائرڈ جج، ایف آئی اے کا سینیئر افسر، وزیراعظم کی جانب سے نامزد سینیئر وکیل اور اٹارنی جنرل آفس کا ایک نمائندہ بھی کمیٹی میں شامل ہو گا۔