فارن فنڈنگ کیس، سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی، الیکشن کمیشن

04:41 PM, 21 Jan, 2021

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کمیشن فارن فنڈنگ کیس میں بغیر کسی خوف اور دباو کے میرٹ کی بنیاد پر ہی فیصلہ کرے گا۔ ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جاری ہے اور یہ بہت ہی اہم اور احساس کیس ہے لیکن اس کا فیصلہ میرٹ پر ہی ہو گا جو قومی مفاد میں ہے۔ 

ان کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ کیس پر غیر ضروری اور بغیر شواہد کے تبصروں سے گریز کیا جائے گا اور الیکشن کمیشن میں پہلے ہی اس کیس کی سماعت فریقین کے سامنے ہو رہی ہے اور سماعت کے دوران میڈیا اور دوسرے متعلقہ اشخاص اور ادارے موجود ہوتے ہیں۔ 

اسکروٹنی کمیٹی کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے اس لیے کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی جب کہ عوامی سطح پر کارروائی سے کمیٹی کو اپنا کام کرنے میں دشواری ہو گی۔ اسکروٹنی کمیٹی میں شکایت کنندہ اور الزام علیہ اپنا اپنا مؤقف پیش کرتے ہیں اور کمیٹی مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد جامع سفارشات کمیشن کو دےگی جب کہ الیکشن کمیشن کھلی سماعت میں یہ سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کرے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن دونوں اطراف کی بحث سننے کے بعد جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا اور ادارہ یقین دلاتا ہے کہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے تحریک انصاف کے خلاف چلنے والے فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کا مطالبہ کیا ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ دنوں اپوزیشن کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دفتر کے ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

مزیدخبریں