اسلام آباد: عوام کیلئے خوشخبری ہے کہ قومی بچت سکیموں میں منافع کی شرح میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے ایک نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس پیشکش کا اطلاق آج مورخہ 21 جنوری سے ہوگا۔
وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکیٹس کی شرح منافع 9.42 فیصد کر دی گئی ہے جو پہلے 8.49 سے تھی۔
اعلامیے کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر شرح منافع کو 9 فیصد کر دیا گیا ہے جو اس سے قبل 8.04 فیصد تھی۔
سپیشل سیونگ سرٹیفیکیٹس پر شرح منافع 7.97 فیصد، بہبود سیونگس سرٹیفیکیٹس پر 11.28، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس پر 11.28 فیصد، شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر 11.28 فیصد کردی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شارٹ ٹرم سیونگس سرٹیفیکیٹس پر شرح منافع بڑھا کر تین ماہ مدت کیلئے 6.76 فیصد جبکہ 6 ماہ کا شرح منافع چھ اعشاریہ اسی سے چھ اعشاریہ بیاسی فیصد اور بارہ ماہ کیلئے چھ اعشاریہ اسی سے چھ اعشاریہ بانوے فیصد ہوگا۔ اس کے علاوہ سیونگس اکاؤنٹ پر شرح منافع پانچ اعشاریہ پانچ فیصد ہی رہے گی۔