کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں بطور وزیر داخلہ اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہوں، اپنی ذمہ داریوں میں کسی کو بھی مداخلت کی اجازت نہیں دوں گا۔
کراچی آمد پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نادرا کو عوام کے معیار کے مطابق بنانا ہے، کارڈ اسی کو ملے گا جو پاکستانی شہری ہوگا، ہم پاسپورٹ کو بھی سمارٹ بنانے جا رہے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میری بھائی جماعت ہے، اس کیساتھ ہمیشہ بہت اچھا تعلق رہا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پی ڈی ایم رہنماؤں پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اہمیت اختیار کر جائے گا۔ فارن فنڈنگ کیس پاناما ٹو بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ ایک مرتبہ براڈ شیٹ کا فیصلہ پڑھ لیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ اگر وہ حکومت کیساتھ تعاون کرے گی تو ہم بھی ان کیساتھ تعاون کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والی شخصیت ہونگے، ان کیساتھ پہلے بھی ہاتھ ہوا، اب بھی ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے بارے میں بھی دلچسپ گفتگو کی اور کہا کہ سارا پاکستان ان سے نفرت کرے لیکن میں پھر بھی ان سے خوش ہوں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے اپوزیشن کو واضھ پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ وفا کرو گے تو وفا کریں گے، جفا کرو گے تو جفا کرینگے، جو تم کرو گے، وہ ہم کرینگے۔