واشنگٹن: امریکی صدر جوزف بائیڈن نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی مسلمان ممالک پر سفری پابندیاں ختم کرنے سمیت 15 حکم ناموں پر دستخط کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے اتحادی ممالک سے تعلقات کی مضبوطی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے چھیالیسویں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جوبائیڈن نے جن اہم حکم ناموں پر دستخط کئے ان میں ماسک پہننے کی پابندی، ماحولیات کیلئے پیرس معاہدہ میں واپسی اور مسلمان ملکوں پر سفری پابندیوں کے بل شامل ہیں۔ انہوں نے اپنی صدارت کے پہلے روز ہی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی متعدد متنازع پالیسیوں کو ختم کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ جوبائیڈن کے پیشرو ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی عہدہ سنبھالتے ہی متعدد حکم نامے جاری کئے تھے لیکن انھیں بعد ازاں عدالت میں چیلنج ہونے سے وہ مسترد ہو گئے تھے۔ تاہم جوبائیڈن قانون کی باریکیوں کو سمجھتے ہیں اس لئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بات کی قوی امید ہے کہ اب ایسا نہیں ہوگا۔
امریکی تجریہ کاروں کا صدر جوبائیڈن ایک ایسے سیاستدان ہیں جنہوں نے اپنی سیاست کے 50 سالہ سفر میں ہمیشہ میانہ روی کا راستہ اختیار کیا، وہ سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔
امریکی عوام کو امید ہے کہ جوبائیڈن ان کے ملک کو مہلک وبائی مرض سے نجات دلائیں گے جس سے اب تک کروڑوں شہری متاثر جبکہ لاکھوں ہلاک ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے آتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمان ملکوں کیخلاف پابندیوں کے متنازع بل کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے ختم کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ ٹرمپ نے اقتدار میں آتے ہی 7 مسلم ممالک پر امریکا کا سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔