لاہور(نیوز ڈیسک )سرگودھا یونیورسٹی اور سعودی تھنک ٹینک کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔معاہدے پر دستخط وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد اور انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایرانین سٹڈیز(RASANAH),ریاض سعودی عرب کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ایس السلامی نے سنڈیکیٹ ہال سرگودھا یونیورسٹی میں کیے۔اس موقع پرپاکستان میں سعودی عرب کے سابق سفیر اور ڈپلومیٹک کور کے سابق ڈین ڈاکٹرعلی عواض العسیری ، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر ڈاکٹر محمد افضل، ڈائرایکٹر پاک چائنہ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر فضل الرحمن،چیئرمین شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر اعظم، ،معروف سماجی کارکن آمنہ ملک، فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات موجود تھے۔
شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات اور انسٹی ٹیوٹ آف پاک چائنہ سڈیز کے مشترکہ دلچسپی کے شعبہ جات میں تحقیقی اورتعلیمی تعاون بڑھانے کے لیے طے پائے گئے اس معاہدے کے تحت مشرق وسطیٰ،مغربی اور وسط ایشیا سمیت قومی و بین الاقوامی سطح پر جغرافیائی دلچسپی کے امور کے علاوہ تعلیم و تحقیق اور دیگر مشترکہ مفادات کے حامل امور میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔باہمی تعاون کے سمجھوتہ کے تحت مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرتے ہوئے ریسرچ سکالرز کا تبادلہ اور اس ضمن میں سیمینارز ، کانفرنسز اور ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا جائے گا ،تحقیق کے عمل کو موثر بنانے کے لیے تحقیق کی سائنسی و تکنیکی مہارتوں ، شائع شدہ رپورٹس، ریسرچ پیپرز کا تبادلہ اور اور آن لائن لائبریری سمیت معلومات کے دیگر ذرائع تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سابق سفیر اورڈپلومیٹک کور کے سابق ڈین ڈاکٹرعلی عواض العسیری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کی حدود کا تعین ممکن نہیں،سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کا احاطہ تین الفاظ میں کیا جا سکتا ہے، منفرد، گہر ے اور پائیدار۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عوامی روابط کو تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان کی صورت میں ایک متحرک اور نوجوان قیادت ہے جو پاکستان کے عوام کے لئے زیادہ محبت اور پیار رکھتی ہے اور ولی عہد محمد بن سلمان کا مجوزہ دور پاکستان برادرانہ تعلقات میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔
چیئرمین انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایرانین سٹڈیز(RASANAH) ریاض ڈاکٹرایس الاسلامی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہمارے پاس ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کے بہت سے مواقع ہیں، دونوں ادارے ساتھ مل کر لوگوں اور خطے کے لئے استحکام اور خوشحالی کے لئے بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ تحقیق کو فروغ دینے کے لیے تمام ریسرچ پیپرز اور معلومات کو اردو زبان میں بھی منتقل کیا جائے گا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی اور سعودی تھنک ٹینک کے درمیان باہمی تعاون کا یہ معاہدہ دونوں ممالک کے لئے دیرینہ اور پائیدار تعلقات کی ایک کڑی ہے۔دونوں ممالک تاریخی، مذہبی اورثقافتی لحاظ سے جڑے ہوئے ہیں، اس معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے یہ ادارے مشترکہ مفادات مد نظر رکھتے ہوئے تحقیق کو فروغ دے سکتے ہیں، اس معاہدے سے پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کو تحقیقی ،تعلیمی، معاشی اورثقافتی لحاظ سے مزید قریب آنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کو رسمی کاروائی تک محدود رکھنے کی بجائے نتیجہ خیز نتائج حاصل کرنے کے لیے تمام تر کاوشیں کی جائیں گی۔