اسلام آباد: شہباز شریف نے کہا ہے کہ ساہیوال میںبہت سنگین واقعہ ہواہے جس طرح ظلم زیادتی کی گئی اس کی حالیہ دور میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ کار میں بیٹھے ماں باپ کو مار دیاگیا ، ان کےبچے قیامت تک والدین کا انتظار کریں گے جو کبھی نہیں آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساہیوال میں بہت سنگین واقعہ پیش آیا ہے جس پر ہم نےتحریک التوا جمع کرائی ہے،کارروائی ملتوی کر کے اس تحریک کو منظور کیا جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم دھرنا نہیں دینگے لیکن حقائق بتائےجانے تک حکومت کو چین سے بیٹھنے بھی نہیں دیں گے،عوام جاننا چاہتے ہیں اتنی زیادتی کیوں کی گئی۔ ایوان کی کمیٹی بنائی جائے جو جے آئی ٹی کی سفارشات کو ایوان میں لائے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی اہلکار قتل کے ذمہ دار ہیں اگر کار میں دہشتگردوں کی موجودگی یااسلحے کا شبہ تھا تو تلاشی کیو ں نہیں لی گئی، کار کی تلاشی لینے والوں کا لباس غیر رسمی تھا۔معصوم بچوں نے واقعے کا پول کھول دیا اور بتایا کہ والد نے ہاتھ جوڑ کر کہا مجھے نہ مارو پیسے لے لو، وزیراعظم کی ذمے داری ہے کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کو قوم کے سامنے جواب دے بنائیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان کو2 کروڑ روپے دینے کی بات افسوس ناک ہے اس دوران کے پی میں بھی بچیوں سے زیادتی کے دو واقعات ہوئے ہیں زینب کے واقعے پر بھی سیاست چمکائی گئی ۔ ایک طرف قوم سوگوار ہے اور دوسری طرف وزیراعظم 24گھنٹے بعد ٹویٹ کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے پہلے کہا وہ دہشتگرد ہیں پھر کہا گیا ڈرائیور دہشت گردتھا ۔ حکومت نے ہر بار واقعے کو نیا رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں ساہیوال واقعے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہتاجیسے سانحہ ماڈل ٹاؤ ن کے واقعے کو سیاسی بنایا گیا لیکن ذاتی تجربے سے بتا سکتاہوں ایسی ایجنسیاں حساس علاقوں میں ہوتی ہیں۔