لاہور:ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے ساتھ یخ بستہ ہواؤں سے سردی کو اور تڑکا لگ گیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی نے موسم خوشگوار کر دیا،لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بادل برسے ، مری اور گلیات میں شدید برفباری، سیاح پھنس کر رہ گئے۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں گذشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، کہیں بوندا باندی تو کہیں تیز بارش نے موسم مزید ٹھنڈا ٹھار کر دیا۔ بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں نے موسم کو دلفریب بنا دیا۔
آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 جبکہ زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں راجن پور، اوچ شریف اور روجھان میں بھی بادل برسے۔ سیالکوٹ، گجرات، قصور، بورے والا، خانیوال اور فیصل آباد میں بھی بارش ہوئی، وہاڑی میں ڑالہ باری نے سردی کی شدت بڑھا دی۔
ملکہ کوہسار مری میں برفباری نے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔ زیارت میں بھی وائٹ کارپٹ بچھ گیا۔ بٹگرام میں ایک فٹ تک برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
ندھ میں بھی کالی گھٹاﺅں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ نوابشاہ اور حیدر آباد میں بارش نے نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے بلکہ متعدد علاقوں کو بھی اندھیروں میں ڈبو دیا ہے۔
شہر قائد میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں ہونے والی بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ کے الیکٹرک کے مطابق شہر قائد میں بجلی کے 204 فیڈرز ٹرپ کرچکے ہیں جن کی بحالی کا کام جاری ۔