زینب قتل کیس،سپریم کورٹ کی تفتیشی اداروں کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے 72 گھنٹے کی مہلت

04:00 PM, 21 Jan, 2018

لاہور:سپریم کورٹ نے قصور کی ننھی زینب کے قتل کی تحقیقات مکمل کرنے کے لئے جے آئی ٹی کو 72 گھنٹے کی مہلت دیدی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں زینب قتل کیس ازخود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ واقعے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ محمد ادریس، ڈی جی فرانزک لیبارٹری ڈاکٹر طاہر اشرف عدالت میں پیش ہوگئے جبکہ زینب سمیت زیادتی کے بعد قتل ہونے والی دیگر 8 بچیوں کے والدین اور رشتے دار بھی کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔


سربراہ جے آئی ٹی محمد ادریس نے جے آئی ٹی رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جون 2015 سے قصور میں اپنی نوعیت کا یہ آٹھواں واقعہ ہے، ان تمام واقعات میں ایک ہی شخص ملوث ہے جس کا ڈی این اے ملا ہے، یہ واقعات 3 تھانوں کی حدود میں پیش آئے اور پہلے دو واقعات تھانہ صدرڈویژن پیش آئے۔

تفتیشی اداروں نے عدالت سے درخواست کی کہ تحقیقات میں منطقی نتیجے تک پہنچنے کے لیے مزید وقت درکار ہے تو چیف جسٹس نے کیس کی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 72 گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ڈی این اے کے علاوہ بھی دیگر طریقوں سے کیس کی تفتیش کی جائے ۔یاد رہے کہ کئی دن گزرنے کے باوجود بھی قصور کی ننھی کلی زینب کے قاتلوں کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

مزیدخبریں