کراچی : شہر قائد میں مبینہ پولیس مقابلے میں قتل ہونیوالے نوجوان نقیب اللہ محسود کے اہلخانہ کو سکیورٹی کی فراہمی کیلئے سند پولیس نے آئی جی خیبر پختونخوا سے رابطہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے آئی جی کے پی کے صلاح الدین محسود سے رابطہ کیا ہے۔رابطے کے دوران نقیب کی فیملی کو سکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق گفتگو کی گئی۔
گفتگو میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے نقیب کی فیملی کو سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔نقیب کے خاندان کے افراد کراچی آکر مقتول کے قتل کی ایف آئی آر درج کروائیں گے۔اس سے قبل نقیب قتل کیس میں انکوائری کمیٹی نے ایس ایس پی ملیر رائوانوار کی سربراہی میں پولیس مقابلہ جعلی قرار دیا تھا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے نقیب کے اہلخانہ سے مقدمہ درج کرانے کی استدعا کی ہے۔
اہلخانہ نے مقدمہ درج نہیں کرایا تو مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج ہوگا۔ مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی جائیں گی۔اس سے قبل نقیب اللہ قتل کیس میں تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے رائو انوار کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا تھا۔سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کو عہدے سے معطل کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ عدیل چانڈیو کو ایس ایس پی ملیر تعینات کیا گیا جبکہ شیراز نذیر کو عدیل چانڈیو کی جگہ ایس ایس پی سٹی تعینات کردیا گیا ہے۔