خواتین کا مسلسل بیٹھے رہنا جلد بڑھاپے کا سبب بن سکتا ہے،ماہرین کا نیا انکشاف

09:30 AM, 21 Jan, 2017

ماہرین کے مطابق زیادہ دیر تک ایک ہی جگہ پر بیٹھے رہنا جلد بڑھاپے کا سبب بن سکتا ہے۔

1500 خواتین پر کئے گئے مطالعے سے معلوم ہوا  کہ جو خواتین زیادہ آرام پسند ہوتی ہیں وہ اندرونی طور پر اپنی اصل عمر کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بوڑھی ہوتی ہیں جبکہ ایسی خواتین جو  خود کو کام کاج میں مصروف رکھتی ہیں اور روزانہ ورزش کرتی ہیں ان میں بڑھاپا نسبتاََ  دوسری خواتین سے دیر سے آتا ہے

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے سان ڈیاگو اسکول آف میڈیسن میں الہ دین شادیاب اور ان کے ساتھیوں نے دریافت کیا کہ حرکت اور ورزش کی بدولت نہ صرف بڑھاپا بلکہ عمر رسیدگی سے وابستہ بیماریاں بھی کم ہوتی ہیں۔

عمر رسیدگی میں ’’ٹیلومرز‘‘ کہلانے والے سالمات کا اہم کردار ہوتا ہے جو کروموسومز کے کناروں پر ڈھکنوں کی طرح چڑھے ہوتے ہیں جب کہ کم عمری اور جوانی میں ان کی لمبائی خاصی زیادہ ہوتی ہے۔ جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی ہے ویسے ویسے ٹیلومرز کی لمبائی بھی کم ہوتی چلی جاتی ہے اور بڑھاپے میں یہ بہت ہی چھوٹے رہ جاتے ہیں۔

’’امریکن جرنل اور ایپی ڈیمیولوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع شدہ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہ عورتیں جو دن میں 10 گھنٹے یا اس سے زیادہ دیر تک بیٹھی رہتی ہیں اور روزانہ 40 منٹ سے کم وقت کےلئے حرکت یا ورزش کرتی ہیں، ان میں ٹیلومرز کی لمبائی کم ہونے کی رفتار بھی متحرک اور سرگرم خواتین کی نسبت تیز ہوتی ہے؛ یعنی وہ اپنی اصل عمر کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے بوڑھی ہوتی ہیں۔

مزیدخبریں