چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے کر میچ جیت لیا

چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے کر میچ جیت لیا

کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے دی۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ جنوبی افریقہ کے حق میں یکطرفہ ثابت ہوا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو بالآخر ان کے حق میں کامیاب ثابت ہوا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جس میں ریان رکیلٹن کی شاندار سینچری اور ٹیمبا باوما، راسی وین ڈیر ڈوسن اور ایڈن مارکرم کی نصف سینچریاں شامل تھیں۔ پروٹیز نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔افغانستان کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا اور انہیں پہلے ہی 16 رنز پر پہلا وکٹ گنوانا پڑا جب رحمٰن اللہ گرباز 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پروٹیز کی باؤلنگ نے افغان بیٹرز کو مزید مشکلات میں ڈال دیا، اور 23 اوورز میں افغانستان کے 5 کھلاڑی صرف 89 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
رحمت شاہ نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت دکھائی، مگر ان کے ساتھ کوئی اور کھلاڑی مستقل مزاجی سے نہیں کھیل سکا۔ افغانستان کے دیگر بیٹرز محمد نبی (8)، گلبدین نائب (13)، راشد خان (18) اور نور احمد (9) زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹھہر سکے۔
جنوبی افریقہ کی باؤلنگ نے افغانستان کو کسی بھی موقع پر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ افغانستان کی ٹیم 44ویں اوور میں 208 رنز پر آؤٹ ہو گئی، اور پروٹیز نے 107 رنز سے فتح حاصل کی۔جنوبی افریقہ کے لیے رکیلٹن نے 103 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے، جبکہ وین ڈیر ڈوسن نے 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ ایڈن مارکرم نے 36 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی شاندار کارکردگی نے جنوبی افریقہ کو ایک مضبوط مجموعہ دینے میں مدد کی۔
افغانستان کی باؤلنگ لائن اپ میں محمد نبی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نور احمد، عظمت اللہ عمر زئی اور فضل الحق فاروقی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم، وہ افغانستان کو میچ میں واپس نہیں لا سکے۔

مصنف کے بارے میں